ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور

تعارف
دارالافتاء والتحقیق، جامعہ دارالتقویٰ لاہور کے رئیس حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے امتِ مسلمہ کی دینی تعلیم و تربیت کی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ایک جامع، منظم اور عام فہم دینی نصاب مرتب فرمایا، جسے ’’فہمِ دین کورس‘‘ کا نام دیا گیا۔
حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی فکر یہ تھی کہ مستند دینی علم صرف علماء اور دینی مدارس کے طلبہ تک محدود نہ رہے، بلکہ امت کے ہر فرد—مرد ہو یا عورت—تک دینِ اسلام کا مستند اور گہرا علم نہایت آسان اور قابلِ فہم انداز میں پہنچے۔ ایک عام مسلمان بھی اپنی روزمرہ مصروفیات کے ساتھ باقاعدہ اور منظم انداز میں دین سیکھ سکے، اپنے عقائد درست کر سکے، قرآن و حدیث کی بنیادی سمجھ حاصل کر سکے اور اپنی عملی زندگی سے متعلق ضروری شرعی مسائل سے واقف ہو سکے۔
اسی مقصد کے لیے حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فہمِ دین کورس مرتب فرمایا، جس میں دین کے بنیادی اور اہم علوم کو مرحلہ وار اور سہل انداز میں جمع کیا گیا ہے۔ اس نصاب میں اسلامی عقائد، اصولِ دین، تفسیر فہمِ قرآن، فہمِ حدیث اور مسائل بہشتی زیور جیسی اہم کتب شامل ہیں۔
ادارے کا قیام
فہمِ دین کورس کی تعلیم و اشاعت کو منظم انداز میں عام کرنے اور معاشرے کے مختلف طبقات تک مستند دینی علم پہنچانے کے لیے حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے تقریباً سن2010ء میں ’’ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور‘‘ قائم فرمایا۔
ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی اس فکر کو عملی اور منظم صورت دینا تھا کہ فہمِ دین کورس کے ذریعے عام مسلمانوں کے لیے دین کا مستند اور نسبتاً گہرا علم حاصل کرنا آسان بنایا جائے۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی زندگی میں اس ادارے کے تحت فہمِ دین کورس کی تعلیم، ترویج اور اشاعت کے لیے خصوصی محنت فرمائی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس دینی و علمی سلسلے سے وابستہ کرنے کی کوشش فرماتے رہے۔
حضرتؒ کی رحلت اور موجودہ نظم و سرپرستی
22 جون2019ء کو حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت کے بعد آپ کے قائم کردہ اس علمی و تعلیمی مشن کو جاری رکھنے کی ذمہ داری آپ کے بڑے صاحبزادے حضرت مولانا مفتی عبداللہ صاحب نے سنبھالی۔ تب سے ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور حضرت مولانا مفتی عبداللہ صاحب کی نظامت میں اپنی دینی، علمی اور تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے اور حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
ادارے کو اہلِ علم کی علمی رہنمائی اور سرپرستی بھی حاصل ہے۔ ادارے کے موجودہ سرپرست حضرت مولانا مفتی محمد رفیق صاحب، سینیئر مفتی دارالافتاء والتحقیق، جامعہ دارالتقویٰ لاہور ہیں، جن کی علمی سرپرستی و رہنمائی میں ادارہ اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے مصروفِ عمل ہے۔
فہمِ دین کورس کی تدریس
موجودہ دور کے تقاضوں اور لوگوں کی مختلف ضروریات و حالات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور فہمِ دین کورس کی تعلیم آن لائن(Online)اور بالمشافہ/آن سائٹ(On-site)، دونوں طریقوں سے فراہم کرتا ہے۔
آن لائن نظام کے ذریعے ایسے افراد کو کورس سے استفادے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو فاصلے، مصروفیات یا دیگر وجوہ کی بنا پر بالمشافہ کلاسوں میں شریک نہیں ہو سکتے۔ اس طرح مختلف شہروں اور علاقوں میں رہنے والے مرد و خواتین اپنے مقام پر رہتے ہوئے اس دینی نصاب سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
اسی طرح بالمشافہ (On-site) کلاسوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں شرکاءِ کورس براہِ راست اساتذہ کی نگرانی اور رہنمائی میں فہمِ دین کورس کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ یوں ادارہ جدید ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن اور بالمشافہ، دونوں طریقوں سے حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھا رہا ہے۔
علمی ورثے کی نشر و اشاعت
حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے تدریس، تحقیق اور دینی رہنمائی کے ساتھ ساتھ متعدد علمی و دینی کتب کی صورت میں ایک گراں قدر علمی ورثہ بھی چھوڑا ہے۔ یہ علمی سرمایہ مختلف دینی موضوعات پر آپ کی علمی کاوشوں، تحقیقات اور امت کی دینی رہنمائی کے لیے کی گئی محنت کا حاصل ہے۔
ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے اس علمی و تصنیفی ورثے کی حفاظت، نشر و اشاعت اور اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کو بھی اپنے بنیادی مقاصد میں شامل سمجھتا ہے۔ ادارہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیفات اور علمی کتب کی اشاعت اور عام قارئین تک ان کی رسائی کے لیے کام کرتا ہے، تاکہ آپ کی علمی کاوشوں سے موجودہ نسل کے ساتھ آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوتی رہیں۔
ہمارا مقصد
ادارہ تعلیماتِ دینیہ لاہور حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی قائم کردہ علمی و تعلیمی فکر کو آگے بڑھانے کے لیے مصروفِ عمل ہے، جس کا بنیادی مقصد دین کے مستند اور گہرے علم کو آسان، منظم اور قابلِ فہم انداز میں امت کے ہر فرد تک پہنچانا ہے۔
اسی مقصد کے تحت ادارہ فہمِ دین کورس کی آن لائن اور بالمشافہ تدریس، اس کی ترویج و اشاعت، اور حضرت ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے علمی و تصنیفی ورثے کی نشر و اشاعت کے لیے سرگرمِ عمل ہے، تاکہ دین کا صحیح اور مستند علم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے اور حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا شروع کیا ہوا یہ علمی و دینی سلسلہ آنے والی نسلوں تک جاری و ساری رہے۔

